(فقیر حسین) خیبر پختونخوا کی نگران حکومت نے وزیراعلیٰ کے زیر استعمال فرانسیسی ساختہ ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیے محکمہ خزانہ سے 15 کروڑ روپے کے فنڈز طلب کر لیے ہیں۔
باخبر ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے پی نے اوپن ٹینڈر کے ذریعے فرانسیسی ساختہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر ہارڈ ویئر، جنریٹر پارٹس اور دیگر آلات کی خریداری کے لیے غیر ملکی فرموں سے ٹینڈر طلب کیے تھے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ ہیلی کاپٹر طویل عرصے سے تکنیکی خرابی کی وجہ سے گراؤنڈ ہے۔ جس کی وجہ سے اب وزیراعلیٰ، گورنر اور دیگر وی آئی پیز وزیراعلیٰ کے پی کا ایک اور روسی ساختہ ہیلی کاپٹر استعمال کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ای کیو آر ایل ہیلی کاپٹر 2008 میں 50 کروڑ روپے میں خریدا گیا تھا اور صوبائی حکومت کی جانب سے کئی بار اس کی مرمت کی جاچکی ہے۔ تاہم اب ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے ایوی ایشن ڈائریکٹوریٹ نے مذکورہ ہیلی کاپٹر کی مرمت اور ان کے لیے سازوسامان خریدنے کے لیے محکمہ خزانہ سے 15 کروڑ کے فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
محکمہ ایڈمنسٹریشن کے پی کے حکام نے ہم نیوز انگلش کو بتایا کہ فرانسیسی ساختہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کی وجہ سے گزشتہ ایک ماہ سے گراؤنڈ ہے۔ جبکہ مذکورہ ہیلی کاپٹر کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کے لئے اوپن ٹینڈر کے ذریعے بین الاقوامی فرموں کو مدعو کیا گیا ہے۔ جبکہ مذکورہ ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیے ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کو فنڈز جاری کرنے کے لیے محکمہ خزانہ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے زیر استعمال صوبائی حکومت کی ملکیت والے دو ہیلی کاپٹرز کی سالانہ لاگت 10 کروڑ روپے ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ 2019 میں وزیراعلیٰ کے روسی ساختہ ہیلی کاپٹر کو بھی گراؤنڈ کیا گیا تھا اور اسے دوبارہ قابل استعمال بنانے کے لیے روس بھیجا گیا تھا۔ بعد ازاں اسے تین سال بعد کے پی حکومت کو واپس بھیج دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں گراؤنڈ کیے گئے صوبائی حکومت کے فرانسیسی ساختہ ہیلی کاپٹر کو پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان ماضی میں وسیع پیمانے پر سفری مقاصد کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔جس پر نیب نے ان کے خلاف ریفرنس بھی بنایا تھا۔
بعد ازاں صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے آخری دنوں میں عمران خان کو نیب کی کارروائی سے بچانے کے لیے اس حوالے سے قانون سازی کی۔