جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہےکہ مخالف قید میں ہو اور میں اس کے خلاف جلسے کروں، ایسے مزہ نہیں آتا۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میری جماعت نے ملک کی تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا، وحدت کی فضا قائم کی۔
مزید بولے کہ پاکستان کو داخلی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے۔ مشکلات گزرتے وقت کے ساتھ مزید گھمبیر ہوتی چلی جا رہی ہیں، ہم نے 12 سال پہلے ہی مسائل کی نشاندہی کر دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 سالوں میں ملکی معیشت کی عمارت کو گرا دیا گیا، میں نے جلسوں میں کہا تھا کہ معیشت اتنی گر جائے گی کہ دوبارہ اٹھانا مشکل ہو جائے گی۔ ہم نے اسرائیلی، امریکی، مغربی ایجنڈے اور پاکستان میں ان کے وفاداروں کو شکست دی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں جس سے جنگ لڑتا ہوں اس کے اور میرے ہاتھ کھلے ہونے چاہئیں۔ جب کمزوریوں کا ذکر کرتا ہوں تو کہا جاتا ہے الیکشن ملتوی کرانا چاہتا ہوں۔ الیکشن ملتوی کرانا نہیں چاہتا، جو یہ سمجھتا ہے وہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کروا کر دیکھ لے۔