نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز فلسطین میں بربریت کا مظاہرہ کررہی ہیں، پاکستان ہمیشہ سے مسئلہ فلسطین پر واضح موقف رکھتا ہے۔
وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی حملوں میں فلسطینی خواتین اور بچے مارے جارہے ہیں۔ کوئی شک نہیں اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم کررہا ہے۔
جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ اسرائیل 6 دہائیوں سے زائد عرصے سے فلسطین میں مظالم ڈھا رہا ہے، اسرائیل اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرے۔ اسرائیل غزہ پر حملے اور محاصرہ ختم کرے، اسرائیلی مظالم اور جارحانہ اقدامات ناقابل قبول ہیں۔
اسرائیلی فوج نے غزہ پر تین طرف سے حملے کی دھمکی دے دی
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے مسئلہ فلسطین پر واضح موقف رکھتا ہے۔ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ سعودی عرب اور پاکستان مسلسل رابطے میں ہیں۔
نگران وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے بہت اچھے تعلقات ہیں۔ افغانستان کے ساتھ بہت سے منصوبوں میں شراکت داری جاری ہے۔ افغانستان میں جب بھی کوئی مشکل آئی انہوں نے پاکستان کی طرف دیکھا۔