اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دوست زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے خارج کر کے انہیں عمرہ پر جانے کی اجازت دے دی گئی جس کے بعد وہ عمران خان کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری برطانوی شہری ہیں اور ان کی پاکستان سے کوئی وابستگی نہیں اس لئے ان کا نام ای سی ایل سے خارج کر دیا گیا ہے جس کے بعد وہ عمران خان کے ساتھ عمرے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے انہیں نورخان ایئربیس پر چارٹرڈ طیارے سے اس وقت آف لوڈ کیا تھا جب وہ تحریک انصاف کے چیئرمین کے ساتھ خصوصی طیارے پر سعودی عرب روانہ ہو رہے تھے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ نیب ریفرنسز کی وجہ سے زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں موجود ہے اور وہ ملک سے باہر نہیں جا سکتے۔