دہشتگرد ملک و قوم کے دشمن، انکے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، صدر علوی

Arif Alvi

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر میں پاک فوج کے قافلے پر حملے کی مذمت اور میانوالی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے گوادر حملے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کو جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر عارف علوی نے شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔

میانوالی ٹریننگ ائیر بیس پر آپریشن مکمل، تمام دہشتگرد مارے گئے

اس کے علاوہ صدر پاکستان نے میانوالی میں ٹریننگ ائیر بیس پر حملے کی بھی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز گوادر میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا جس میں 14 جوان شہید ہو گئے تھے جبکہ آج صبح میانوالی میں پاک فضائیہ کے ائیر بیس ٹریننگ سینٹر پر بھی دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا جسے فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تمام 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔


متعلقہ خبریں