الیکشن 2018 کا پہلا مرحلہ مکمل، 19 ہزار امیدوار میدان میں


اسلام آباد: الیکشن دوہزار اٹھارہ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اس دوران الیکشن کمیشن کو انتخابی دنگل لڑنے کے لیے 19 ہزار سے زائد کاغذات نامزدگی موصول ہوئے۔

ملک میں 2018 کے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال کے لیے فارم نیب، ایف بی آر اور اسٹیٹ بنک کو ارسال کردیے گئے ہیں۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 جون تک مکمل کرلی جائے گی جس کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس خصوصی سیل فعال کردیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، تحریک انصاف سربراہ عمران خان پانچ پانچ، پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور جماعت اسلامی سربراہ سراج الحق دو دو حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔

مریم نواز شریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چوہدری نثار بھی دو دو نشستوں پر زور آزمائیں گے جب کہ سابق صدر پرویز مشرف نے تین حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے قومی و صوبائی اسمبلی کےلئے سب سے زیادہ8987 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے، سندھ سے قومی صوبائی اسمبلی کےلئے 4765 کاغذات جمع ہوئے۔

خیبرپختونخواہ سے قومی صوبائی اسمبلی کےلئے 2928 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے جب کہ بلوچستان سے قومی صوبائی اسمبلی کےلئے 1675 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ فاٹا سے 345 اور اسلام آباد سے 93 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کی 342 نشستوں کےلئے 5488 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ قومی اسمبلی کےلئے پنجاب سے 2349،سندھ سے 1308 خیبرپختونخوا سے 774، بلوچستان سے 404 فاٹا سے 345، اسلام آباد سے 93،غیر مسلموں کےلئے 215 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کےلئے 6638، سندھ کےلئے 3457 کےپی کے اسمبلی کےلئے 2145،بلوچستان اسمبلی کےلیے1271 کاغذات جمع ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق کاغذات کی منظوری اور مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 22 جون تک دائر کی جا سکیں گی۔ اپیلوں کو 27 جون تک نمٹایا جائے گا جس کے بعد امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 28 جون کو جاری ہوں گی۔

امیدوار 29 جون تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے جس کے بعد الیکشن کمیشن حتمی فہرست 30 جون کو جاری کرے گا۔ پاکستان میں آئندہ عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد کیے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں