نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ دو روزہ دورے پر کویت پہنچ گئے


نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ یو اے ای کا دورہ مکمل کر کے ابوظہبی سے کویت کے سرکاری دورے روانہ ہو گئے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اپنے دو روزہ دورے کیلئے کویت پہنچ گئے ہیں۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق کویت پہنچنے پر کویت کے وزیر بجلی، پانی و قابل تجدید توانائی ڈاکٹر جاسم محمد عبداللہ الاستاد نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر پاکستان کے کویت میں سفیر ملک محمد فاروق اور دونوں ممالک کے اعلی سفارتی اہلکار بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران وزیراعظم ولی عہد کویت شيخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور وزیراعظم شيخ احمد النواف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔

نگران وزیراعظم کا دورہ کویت دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

جس میں افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات و کان کنی، غذائی تحفظ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے

جس میں پولیو کی روک تھام پر گفتگو کی گئی۔نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو بل گیٹس کی کال موصول ہوئی۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔


متعلقہ خبریں