پرائم منسٹر الیون کیخلاف کپتان شان مسعود کی مشکل آسٹریلین پچز پر ڈبل سنچری

پرائم منسٹر الیون کیخلاف کپتان شان مسعود کی مشکل آسٹریلین پچز پر ڈبل سنچری

پاکستان کرکٹ ٹیم کیخلاف ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کی بیٹنگ جاری ہے، قومی ٹیم کی طرف سے کپتان شان مسعود نے کیپٹن اننگز کھیلتے ہوئے شاندار ڈبل سنچری جڑی۔

قومی ٹیم اور پرائم منسٹر الیون 4 روزہ ٹیسٹ میچ میں کینبرا کے مینوکا اوول گراونڈ میں مدمقابل ہیں۔ کپتان شان مسعود کی طرف سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا آغاز پاکستان کیلئے مایوس کُن رہا جب مخالف ٹیم کے گیند بازوں نے اوپننگ بلے بازوں کو کریز پر ٹکنے نہ دیا۔ امام الحق 9 رنز بنا کر جبکہ عبداللہ شفیق 38 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

آسٹریلیا میں پاکستان کی بدترین کارکردگی، شاہینوں کیلئے نیا امتحان

ون ڈاون آنے والے کپتان شان مسعود اور ٹیسٹ فارمیٹ میں دنیا کے چوتھے بہترین بلے باز بابر اعظم نے بیٹنگ کو سہارا دیا اور اچھی شراکت داری قائم کی۔ بابر نصف سنچری نہ بنا سکے اور 40 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ چائے کے وقفے کے بعد سعود شکیل بھی 13 رنز بنا کر چلتے بنے۔

سابق کپتان سرفراز احمد نے بھی شان مسعود کے ساتھ بہترین شراکت داری قائم کی۔ سرفراز 41 رنز بنا کر بکھنگم کی گیند کا شکار ہوئے۔ فہیم اشرف 17، عامر جمال 5، میر حمزہ 8 اور خرم شہزاد 6 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کا آسٹریلیا کو ہرانا اپ سیٹ نہیں ہوگا، سابق کپتان سرفراز احمد

دوسری طرف کپتان شان مسعود نے 201 ناٹ آوٹ کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے دوسرے دن کے آغاز میں اننگز ڈیکلیئر کردی۔ پاکستان ٹیم پہلے دن میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 391 رنز بنا کر ڈکلیئر ہوئی۔

ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پرائم منسٹر الیون کی بیٹنگ جاری ہے، قومی ٹیم کے گیند باز اب تک کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہوسکے۔


متعلقہ خبریں