ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی

بارشوں اور برفباری

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اوربرفباری کا سلسلہ جاری ہے جو کہ مزید چار دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مری، گلیات اور گرد و نواح میں تیزبارش ہوئی اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جو کہ چار فروری تک جاری رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد اور گر دو نواح میں وقفے وقفے سے مزیدبارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور برفباری سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے، ضلعی انتظامیہ کو بارشوں اور برفباری کے پیش نظر پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سوات کے بالائی علاقوں وادی کالام اور مالم جبہ سمیت گبین جبہ،میاندم میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔برفباری دیکھنے کے لئے ملک بھر سے ہزاروں سیاحوں نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے۔

مری میں برفباری کا آغاز، ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان

وادی کالام میں اب تک 1فٹ اور مالم جبہ میں 10انچ تک برفباری ریکارڈکی گئی ہے جبکہ درجہ حرارت منفی7ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا ہے۔موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ 4فروری تک جاری رہنے کاامکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بارشوں اور برفباری کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی ہے جس کے مطابق بارشوں کے باعث بلوچستان کے چند علاقوں میں سیلابی کیفیت ہوسکتی ہے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دو اور تین فروری کو بارش اور برفباری کا امکان ہے، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں برفباری اور بارش متوقع ہے جبکہ گلیات اور شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور راستوں کی بندش کا خطرہ ہے۔

جڑواں شہروں میں خطہ پوٹھوہار سمیت وسطی پنجاب میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ جنوبی پنجاب اور کراچی سمیت سندھ کے کچھ علاقوں میں بھی بادل برسیں گے۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور اقدامات کے لیے آگاہ کردیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ چھوٹی اور بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے، سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے۔

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، مری میں اہم شاہراہوں پر اضافی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے،ہیوی مشینری کے ذریعے برف ساتھ ساتھ ہٹانے کا کام جاری ہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے۔


متعلقہ خبریں