پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان

بارش اور برفباری

ملک کے مختلف شہروں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشجبکہ مر ی، گلیات میں مزید بارش اور برفباری کاامکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان اورآزادکشمیر میں بارش اوربرفباری کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے با لائی علاقوں میں چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، چاغی،خاران،واشک،پنجگور،کیچ، گوادر، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیراورما لا کنڈ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ایبٹ آباد، بالاکوٹ، مانسہرہ، ہری پور، صوابی، پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی ہے۔

گزشتہ روز لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی میں بارش سے موسم سرد ہوگیا جبکہ لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل برس پڑے۔

مری میں برفباری، سیاح پھنس گئے، افواج پاکستان امدادی کاموں میں مصروف

لاہور کے علاقے گڑھی شاہو، مال روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی اور باغبانپورہ میں بارش ہوئی، مغل پورہ، گوالمنڈی، ریلوے سٹیشن اور لاری اڈا کے اطراف بھی رم جھم ہوئی، چوبرجی، انارکلی،مزنگ، چونگی امرسدھو، گجومتہ اور کاہنہ سمیت مختلف علاقوں میں بونداباندی کے باعث دھند میں نمایاں کمی آگئی۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے جو 4فروری تک برقرار رہے گا، صوبائی دارالحکومت لاہور میں 4فروری تک وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 12جبکہ زیادہ سے زیادہ 14ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

گلیات میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔گلیات کی بالائی چوٹیوں پر 9انچ کے قریب برفباری ہو چکی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، کم سے کم درجہ حرارت منفی 4جبکہ زیادہ سے زیادہ ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

خیبرپختونخوا میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، شوگراں، سری پایہ، مکڑہ پیک پر برف پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، ناران جھیل سیف الملوک، لولوسر لیک پر چار فٹ برف ریکارڈکی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک پہاڑوں پر بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہے گا۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق مری، گلیات، سوات اور کوہستان میں بارش، برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے، بارش اور برف باری کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں