فیفا ورلڈ کپ: پہلے میچ میں روس نے سعودی عرب کو ہرا دیا


ماسکو: فیفا ورلڈ کپ 2018 کے پہلے میچ میں میزبان روس نے سعودی عرب کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر فاتحانہ انداز میں اپنے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن اور روس کے دورے پر آئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ دیکھا۔

میچ کے آغاز سے ہی روس نے سعودی عرب پر دباؤ برقرار رکھا جس کا فائدہ اٹھا کر میزبان ٹیم نے پہلے 13 منٹ میں ہی پہلا گول کرلیا، گول دفاعی پوزیشن سنبھالنے والے یوری گزنسکی نے کیا۔

میچ کے پہلے ہاف میں ایلان زاگوئف انجری کا شکار ہوکر میچ سے باہر ہوگئے، زاگوئف کی جگہ چیریشف ٹیم کا حصہ بنے، پہلا ہاف ختم ہونے سے پانچ منٹ پہلے نئے کھلاڑی چیریشف نے سعودی عرب کی جانب سے دوسرا گول داغ  دیا۔

دوسرے ہاف سے قبل روسی کھلاڑی کوزئیف نے سمدوف اور سعودی کھلاڑی المولد نے عطیف کی جگہ لے لی، میچ کےاختتام سے دس منٹ قبل زوبنین نے بال دذوبا کو پاس کی اور دذوبا نے گیند جال میں پہنچا کر تیسرا گول کر لیا جبکہ نئے کھلاڑی چیریشف نے میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل اپنا دوسرا گول کرکے روس کو چار صفر کی برتری دلائی۔

وقت ختم ہونے میں صرف دو منٹ باقی تھے کہ گولووین نے ڈیڈ بال پوزیشن سے گول کرکے شائقین کے دل جیت لیے۔


متعلقہ خبریں