ایف آئی اے نے 122 انتخابی امیدواران کی دہری شہریت کا بھانڈا پھوڑ دیا

چیف الیکشن کمشنر: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان موجود ڈیڈ لاک کی اندرونی کہانی

اسلام آباد: 2018 کے انتخابی معرکے میں شرکت کے خواہش مند دہری شہریت کے حامل نکلے۔ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے 122 دہری شہریت کے حامل انتخابی امیدواروں کی فہرست ترتیب دے کر الیکشن کمیشن کو بھیج دی۔

ہم نیوز کے پاس موجود فہرست کے مطابق ایف آئی اے نے دہری شہریت رکھنے والے انتخابی امیدواروں کے ناموں کے ساتھ ثبوت بھی منسلک کیے ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بھیجی جانے والی فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مندوں میں 49 دہری شہریت کے حامل ہیں۔

دہری شہریت رکھنے والے 53 افراد ایسے ہیں جو پنجاب اسمبلی کی نشستوں پہ ہونے والے انتخاب میں حصہ لینے کے خواہش مند ہیں۔ سندھ  اسمبلی کی نشستوں پر حصہ لینے کے خواہش مندوں میں گیارہ امیدواران دہری شہریت رکھتے ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے ہونے والے انتخاب میں حصہ لینے کے خواہش مندوں میں آٹھ امیدواران کے متعلق ایف آئی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دہری شہریت کے حامل ہیں۔

رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے اورآبادی کے اعتبارسے سب سے چھوٹے صوبے بلوچستان کی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مندوں میں سے ایک کے متعلق ایف آئی اے نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا ہے کہ وہ دہری شہریت رکھتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ  سید مراد علی شاہ کینڈین شہریت رکھتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف سے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکرنے والے نادراکمل خان لغاری امریکی شہریت کے حامل ہیں۔

پی ٹی آئی کی ملائکہ بخاری برطانوی شہری ہیں۔ انتخابی امیدواران میں شامل فیصل واوڈا اوراحمد یار ہراج کے متعلق بھی ہم نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ وہ دہری شہریت کے حامل ہیں۔

ایف آئی اے کو ملنے والے ثبوتوں کے مطابق زیادہ تر انتخابی امیدواران امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کی شہریت کے حامل ہیں۔

پاکستان میں دہری شہریت پرعدالت یا الیکشن کمیشن 12 اراکین اسمبلی کو نااہل بھی قرار دے چکے ہیں۔ 20 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ایسے تھے جو ازخود اپنی نشستوں سے مستعفی ہوگئے تھے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے 20 ستمبر 2012 کو فرح ناز اصفہانی، فرحت محمود خان، نادیہ گبول، زاہد اقبال، اشرف چوہان، وسیم قادر، احمد علی شاہ، ندیم خادم، جمیل ملک، محمد اخلاق، اور آمنہ بٹر کو نااہل قراردیا تھا۔

رائے مجتبیٰ کھرل بھی اسمبلی کے آخری دنوں میں نااہل قرارپائے تھے۔

ڈاکٹر عاصم حسین، مرادعلی شاہ، طیب حسین، حیدرعباس رضوی، فوزیہ اعجاز، رضا ہارون، ڈاکٹر محمد علی شاہ، عبدالمعید صدیقی، صادق میمن، عسکری تقوی، ارش کمار، دونیا عزیز، فوزیہ اصغر، جمیل احمد ملک، ڈاکٹر طاہر علی جاوید، جمیل اشرف، جاوید اقبال ترکئی، سبین رضوی اور عارف عزیز وہ 20 اراکین اسمبلی تھے جنہوں نے دہری شہریت کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔


متعلقہ خبریں