اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اعتراضات کا مقصد صرف میرا ٹرائل ہے۔
پی ٹی آئی کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ اعتراضات قانونی طور پر تصدیق شدہ نہیں ہیں اوراعتراضات کے ساتھ منسلک اخباری تراشے جھوٹ پر مبنی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بیرون ملک سے دستاویزات منگوانے کا قانونی ضابطہ موجود ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے استدعا کی کہ ان کے کاغذات نامزدگی پر کیے جانے والے اعتراضات مسترد کرکے کاغذات نامزدگی منظور کیے جائیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو این اے 131 کے ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی پرکیے گئے اعتراضات پہ سماعت کے بعد کل ذاتی حیثیت میں طلب کررکھا ہے۔
پی ٹی آئی سربراہ کے وکیل بابراعوان ایڈوکیٹ نے ریٹرننگ افسر سے کہا کہ عمران خان کے لیے یہاں آنا ممکن نہیں ہے۔
ریٹرننگ افسر نے بابراعوان ایڈوکیٹ کی بات سننے کے بعد ان کو ہدایت کی کہ اپنے مؤکل کو پیش ہونے کا کہہ دیں۔