سپریم کورٹ سے دو امیدوار اہل، ایک نااہل قرار


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جھنگ کے حلقہ این اے 115 سے آزاد امیدوار شیخ وقاص اکرم کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے، پیپلزپارٹی کے اقلیتی امیدوار رمیش لال بھی الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیے گئے جبکہ عدالت عظمیٰ نے ساہیوال کے حلقہ این اے 149 سے پاکستان تحریک انصاف کے حسن نواز کھرل کی نااہلی برقرار رکھی ہے۔

جمعرات کو سپریم کورٹ نے شیخ وقاص اکرم کی نااہلی کے لیے ان کے مخالف امیدوار محمد عمران کی درخواست خارج کرتے ہوئے ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

دوران سماعت جسٹس اعجازالاحسن نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ  وقاص اکرم کے کاغذات نامزدگی میں کوئی غلط بیانی نہیں پائی گئی، جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا کہ وقاص اکرم کی تعلیمی سند جعلی ہونے کا کوئی عدالتی ڈیکلریشن موجود نہیں۔

دوسرے کیس میں سپریم کورٹ نے ساہیوال کے حلقہ این اے 149 سے پی ٹی آئی کے  حسن نواز کھرل کی نااہلی کا ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا۔

کیس کی سماعت کے دوران جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ آپ کے خلاف سپریم کورٹ پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے، سپریم کورٹ نے آپ کو 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا ہے، جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ آپ کے خلاف  تو ایک تاریخی فیصلہ آیا تھا۔

سپریم کورٹ میں دائر ایک اور کیس میں پیپلز پارٹی کے اقلیتی امیدوار رمیش لال الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیے گئے، سپریم کورٹ نے مہاراجہ رمیش کمار کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد آپ متعلقہ فورم سے رجوع  کر سکتے ہیں۔

تینوں کیسز کی سماعت جسٹس عظمت سعید اورجسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی


متعلقہ خبریں