راولپنڈی: سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز سے اُن کے وکلا کی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں خواجہ حارث، امجد پرویز، ظافر خان اور سعد ہاشمی شامل تھے، ملاقات کے دوران نواز شریف اور مریم نواز کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
گزشتہ روز بھی نواز شریف کے وکلا نے ملاقات کے لیے وقت لیا تھا تاہم اڈیالہ جیل پہنچنے کے بعد انہیں اجازت نہ ملی جس کے بعد ان وکلا کی جانب سے دوبارہ درخواست دی گئی۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف اوران کی صاحبزادی مریم نواز ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ریفرنس کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد اڈیالہ جیل میں قید ہیں، دونوں کو پاکستان واپس آنے پر طیارے سے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔
ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو دس سال اور مریم نواز کو سات سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے، اس کے ساتھ ساتھ دونوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے ہیں، شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر بھی اسی جیل میں قید ہیں، انہیں ایک سال کی سزا سنائی گئی تھی۔