انتخابی عملے کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی عملے کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات 2018 کے پولنگ عملے کو زدوکوب کرنے یا نقصان پہنچانے پر سزا دی  جائے گی اور پولنگ کے عملے سے تعاون  نہ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی جب کہ  پولنگ  عملے کو نقصان پر متعلقہ ادارے جواب دہ ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ عملے کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی ادارے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔

عام انتخابات 2018 میں ایک روز اور چند گھنٹے ہی باقی رہ گئے ہیں جب کہ ملک بھر میں انتخابی عملے کی تربیت کے بعد اب حلف برداری بھی جاری ہے جس میں عملے سے شفاف انتخابات کے انعقاد  اور غیر جانبدار رہنے کا حلف لیا جا رہا ہے۔

عام انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں جب کہ پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی بھی بڑی تعداد انتخابات کے روز ڈیوٹیاں انجام دے گی۔

حلقوں میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام سیکیورٹی اہلکاروں کی نگرانی میں انجام دیا جا چکا ہے۔


متعلقہ خبریں