اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان نے کہا ہے کہ نتائج میں تاخیر کا سبب نیا سسٹم بنا، اسکینڈل بنانا غیرضروری ہے کیونکہ انتخابات سو فیصد شفاف ہوئے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف دو گھنٹے کی تاخیر پر فسانے بن گئے جبکہ تاخیر کی وجہ رزلٹ مینیجمنٹ سسٹم (آر ٹی ایس) بنا جس کی ناکامی کی ذمہ دار ٹیکنالوجی ہے۔
انہوں نے الیکشن کے کامیاب انعقاد پرقوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے منفی پروپیگنڈا بالائے طاق رکھتے ہوئے حق رائے دہی استعمال کیا، انہوں نے تعاون پر پولیس سمیت تمام ادارو ں کا شکریہ ادا کیا اور الیکشن مہم کے دوران شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
دھاندلی کی شکایا ت پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو فارم 45 نہیں ملا تو اسے چاہیے کہ اس کا ثبوت پیش کرے، ہم اس پر سخت ایکشن لیں گے، انہوں نے عملے کی تعریف کی اور کہا کہ ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے اپنے فرائض پیشہ ورانہ طور پرادا کیے۔
پریس کانفرس کے دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ نتائج کو متنازعہ بنانا غلط ہے کیونکہ سسٹم میں خرابی کے باعث یہ مسئلہ پیدا ہوا اور نتائج وقت پر نہ آ سکے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی کیسے کہہ سکتا ہے کہ پانچ جماعتیں ٹھیک کہہ رہی ہیں اور الیکشن کمیشن غلط ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اس موقع پر الیکشن کے پہلے رزلٹ کا اعلان کیا جس کے مطابق پی پی 11 راولپنڈی سے پی ٹی آئی کے چوہدری محمد عدنان کامیاب ہو گئے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (نون) کے راجہ ارشد محمود دوسرے نمبر پر رہے۔