قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی 115 نشستوں کے ساتھ سرفہرست

قومی اسمبلی: پی ٹی آئی 110 سیٹیں لے کر سر فہرست | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) کی جانب سے تصدیق شدہ اور حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی میں 115 نشستوں  کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔

ای سی پی نے قومی اسمبلی کی 270  نشستوں کے تصدیق شدہ اور حتمی نتائج جاری کر دیے ہیں جس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) 64 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت کے طورپرایوان زیریں میں براجمان ہوگی۔

پاکستان پیپلزپارٹی 43 نشستوں کے ساتھ عوامی امنگوں کی ترجمانی کرے گی اوراس طرح وہ تیسری بڑی جماعت ہوگی۔

مذہبی جماعتوں کے سیاسی اتحاد’ متحدہ مجلس عمل‘(ایم ایم اے) کو بھی 12 نشستوں پرعوام کا اعتماد حاصل ہوا ہے۔

قومی اسمبلی کی چھ سیٹوں پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور 13  پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تصدیق شدہ نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں جمہوری وطن پارٹی ایک، پاکستان تحریک انسانیت ایک، عوامی مسلم لیگ پاکستان ایک اوربلوچستان عوامی پارٹی چار، پاکستان مسلم لیگ چار، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس دو، بلوچستان نیشنل پارٹی تین اور عوامی نیشنل پارٹی ایک سیٹ حاصل کر سکی ہے۔

پاکستان میں کل 120 سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 95 جماعتوں نے عام انتخابات میں حصہ لیا۔

قومی اسمبلی میں نشستوں کی کل تعداد 342 ہے جن میں سے 272 جنرل نشستیں ہیں اوران پر امیدواران کا انتخاب عوام خفیہ رائے شماری کے ذریعے براہ راست کرتے ہیں۔

قومی اسمبلی کی 70 نشستیں خواتین اورغیرمسلموں کے لیے مختص قراردی گئی ہیں۔

آئینی و قانونی اعتبار سے وفاق میں حکومت تشکیل دینے کے لیے میں 172 نشستوں کی حمایت حاصل ہونا لازمی ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے 2018 کے انتخابات پر اخراجات کے لیے 21 ارب روپے کا خطیر بجٹ مختص کیا گیا۔  الیکشن کے دوران بیلٹ پیپرزاور دیگر اخراجات کی مد میں فی ووٹر  198 روپے خرچ کیے گئے۔

 


متعلقہ خبریں