مینڈیٹ چوری کیا گیا، نتائج مسترد کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے صدر اور جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے، دھاندلی زدہ الیکشن کو نہیں مانتے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل، مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں نے بھی انتخابی نتائج کو مسترد کردیا ہے، دوسری سیاسی جماعتوں سے روابط جاری ہیں تاکہ  اسمبلی میں جانے یا نہ جانے کے حوالے سے مشاورت کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہیں اور انتخابات میں دھاندلی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک ہہنچائیں گے۔

ایم ایم اے کے صدر نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں میں یکجہتی موجود ہے اور ہم موجودہ انتخابی صورتحال کو آل پارٹیزکانفرنس کے سامنے رکھیں گے تاکہ اس حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جا سکے۔

اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انتخابی صورتحال سے متعلق اہم امور پر مشاورت کی گئی۔ پیپلزپارٹی کے وفد میں خورشید شاہ، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویزاشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور قمرالزمان کائرہ موجود تھے۔


متعلقہ خبریں