اب عوام کو مایوس نہیں کریں گے، بلاول بھٹو

اب عوام کو مایوس نہیں کریں گے، بلاول بھٹو زرداری|humnews.pk

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم  نے ہمیشہ جمہوریت اور پارلیمان کو مضبوط بنانے کی جدوجہد کی ہے اور پیپلز پارٹی اب بھی اپنے نظریے کے فروغ کے لیے اسی فورم کو استعمال کرے گی۔

بلاول ہاؤس میں دیے گئے ظہرانے میں نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اب عوام کو مایوس نہیں کریں گے کیونکہ اسی نے ہمیں ایوانوں میں بھیجا ہے، پیپلز پارٹی نے مشکلات اور دھاندلی کے باوجود 2013 کے مقابلے میں 2018 کے انتخابات میں بہتر کارکرد گی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ پارٹیاں پارلیمان کا بائیکاٹ کرنے کی باتیں کررہی تھیں لیکن ہم نے انہیں ایسا نہ کرنے پر قائل کیا، انتخابات کا انعقاد جمہوری سوچ کی کامیابی ہے لیکن ہمیں انتخابی عمل پر تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت عالمی اور معاشی چیلنجز سمیت ہرمحاذ پر بڑے بڑے مسائل کا سامنا ہے تاہم گڈ گورننس اور بہتر کارکردگی ہماری نئی حکومت کی ترجیح ہے۔

تقریب میں راجا پرویز اشرف، فریال تالپور، شیری رحمان، سید خورشید احمد شاہ، نثار کھوڑو، رضا ربانی، مراد علی شاہ اور دیگررہنماؤں نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں