کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ پیر کو سامنے آنے والی ویڈیو سے اپنی مرضی کا مطلب نکالا گیا ہے، ہارس ٹریڈنگ عمران خان نہیں کر رہے بلکہ ان کے مخالفین ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ان کا عمران خان کے ساتھ ایک طویل عرصے کا تعلق ہے اور وہ اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ عمران خان سچے اور صاف آدمی ہیں، یہ پی ٹی آئی کا حق ہے کہ وہ حکومت بنائے۔
یہ خبر بھی دیکھیں: 92 ورلڈ کپ فائنل کی گیند نیلام کر کے رقم ڈیمز فنڈ میں دوں گا، میانداد
سابق کرکٹر نے کہا کہ پوری دنیا میں جس کے پاس اکثریت ہوتی ہے اسے حکومت بنانے کا موقع دیا جاتا ہے، یہاں الٹا عمران خان کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں حالانکہ وہ بیس سال سے لڑ رہا ہے۔
جاوید میانداد نے کہا کہ ان کے تو گھر والوں نے بھی پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیا تھا، جیتنے والا کبھی پیسے نہیں لگاتا بلکہ وہ دوسری جماعتوں کے ساتھ پارٹنرشپ کرتا ہے یا ایڈجسٹمنٹ کرتا ہے، خرید و فروخت ہمیشہ ہارنے والی جماعت کرتی ہے۔