فیصل آباد: قومی اسمبلی کے حلقے این اے 106 کی دوبارہ گنتی میں بھی مسلم لیگ نون کے رانا ثنا اللہ کامیاب قرار پائے ہیں۔
فیصل آباد میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 106 پر دوبارہ گنتی کے لیے تحریک انصاف کے ناکام امیدوار ڈاکٹر نثار جٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو درخواست دی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر نثار جٹ کی درخواست منظور کرتے ہوئے حلقے میں دوبارہ گنتی کے احکامات جاری کیے تھے، این اے 106 پر تین روز سے گنتی جاری تھی تاہم ڈاکٹر نثار جٹ دوبارہ ہونے والی گنتی میں بھی ہار گئے۔
رانا ثنا اللہ دوبارہ گنتی کے نتیجے میں دو ہزار دو سو 38 ووٹوں سے کامیاب قرار پائے ہیں جب کہ اس سے قبل رانا ثناء اللہ کو دو ہزار پانچ سو 20 ووٹوں کی برتری حاصل تھی۔
این اے 106 پر رانا ثنا اللہ نے ایک لاکھ چھ ہزار تین سو 19 ووٹ حاصل کیے تھے جب کہ ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے نثار احمد جٹ نے ایک لاکھ تین ہزار سات سو 99 ووٹ حاصل کیے تھے۔