لاہور: بجلی کی مرکزی لائن ٹوٹنے کے باعث آٹھ گرڈ اسٹیشن بند ہونے کے نتیجے میں اندھیروں کا نشانہ بننے والے لاہور شہر میں کئی گھنٹوں بعد بجلی بحال کر دی گئی ہے۔
لاہور میں گزشتہ رات اچانک بجلی کا بڑا تعطل سامنے آیا جس سے شہرکے ڈھائی سو سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے آدھا شہر کئی گھنٹے تک اندھیرے میں ڈوبا رہا، متعدد علاقوں میں رات بھر بجلی غائب رہی جس سے شہریوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا۔
بجلی نہ ہونے سے متاثر ہونےوالے علاقوں میں بند روڈ، شادمان، ٹاؤن شپ، جوہرٹاؤن، سبزہ زار، گرین ٹاؤن، گلبرگ، والٹن روڈ بھی شامل تھے۔
بجلی نہ ہونے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کی ٹرانسمیشن لائن ٹوٹنے سے بجلی معطل ہوئی تھی۔
لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ پورے شہر میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔
رواں برس مئی میں بھی بڑی پیمانے پر بجلی نہ ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے سبب لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور مظفر گڑھ میں بجلی کئی گھنٹے بند رہی تھی۔