پشاور: عام انتخابات میں پشاور کے صوبائی حلقہ سے کامیاب قرار دیے گئے تحریک انصاف رہنما شاہ فرمان دوبارہ گنتی میں اپنی نشست برقرار نہ رکھ سکے اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار کے مقابل اپنی نشست ہار گئے ہیں۔
جمعرات کو سامنے آنے والے نتائج کے مطابق پشاور کے حلقہ پی کے 70 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کےخوشدل خان کامیاب قرار دے دیے گئے ہیں۔
دوبارہ گنتی کے نتائج کے مطابق خوشدل خان کو پی ٹی آئی کے امیدوار شاہ فرمان پر 187 ووٹ کی برتری سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی کے شاہ فرمان کو 47 ووٹوں کی برتری کے ساتھ کامیاب قرار دیا گیا تھا۔
اے این پی کے امیدوار کی کامیابی سے پی ٹی آئی کا پشاور میں کلین سویپ کا خواب بھی ادھورا رہ گیا ہے۔
عام انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پشاور سے صوبائی اسمبلی کی 13 نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدوار ہی کامیاب ہوئے تھے تاہم اب ان نشستوں کی تعداد کم ہو کر 12 ہو گئی ہے۔

شاہ فرمان کی ناکامی کے بعد خیبرپختونخوا اسملبی میں پی ٹی آئی کے متنخب اراکین کی تعداد بھی کم ہو کر 66 ہو گئی ہے۔