اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کے لیے شاہ محمود قریشی کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا ہے۔
اس سے قبل نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہا تھا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 91 کی شق 2 کے مطابق 15 اگست تک قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنا ضروری ہے جس میں ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے، قومی اسمبلی میں سب سے پہلے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور اس کے بعد وزیراعظم کا انتخاب ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی کا اجلاس 13 یا 14 اگست کو بلائے جانے کا امکان
اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کو فری ہینڈ دینے کے بجائے اس کا کھل کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مختلف جماعتوں کے اجلاس میں اپوزیشن ایکشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو وفاق میں مختلف آئینی عہدوں کے لیے مشترکہ امیدواروں کے ناموں کا فیصلہ کرے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت کے پاس حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ نمبرز موجود ہیں۔