عمران خان کی بطور وزیراعظم نامزدگی آج

عمران خان کی بطور وزیراعظم نامزدگی آج | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: گیارہویں عام انتخابات میں بڑی جماعت کے طور پر سامنے آنے والی پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ہو گا جس میں پارٹی سربراہ عمران خان کو وزیراعظم نامزد کرنے کی باقاعدہ منظوری لی جائے گی۔

پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج سہ پہر دو بجے میریٹ ہوٹل اسلام آباد میں ہو رہا ہے جس کی قیادت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کریں گے۔

تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی کے نو منتخب اراکین اسمبلی کو اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ نشست کے دوران عمران خان کے وزیراعظم نامزد کرنے کی باقاعدہ منظوری لی جائے گی۔ اجلاس میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر سمیت مرکزی کابینہ کے ناموں پر بھی مشاورت کیے جانے کا امکان ہے۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری کا دعویٰ ہے کہ اجلاس میں پی ٹی آئی کی جانب سے عددی اکثریت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں تحریک انصاف نے 115 نشستیں حاصل کی تھیں۔ اب تک ہونے والے مذاکرات کے بعد ق لیگ، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی سمیت چھوٹی جماعتوں نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے متعدد امیدوار بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں