کرچی: ڈاکٹر امیر احمد شیخ کو ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) پولیس کراچی رینج تعینات کر دیا گیا ہے۔
سندھ پولیس کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈاکٹر امیر شیخ کی تعیناتی سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے دیے گئے اختیارات کی روشنی میں کی گئی ہے اور وہ تاحکم ثانی اس عہدے پر خدمات انجام دیں گے۔
ڈاکٹر امیر احمد شیخ پولیس سروسز آف پاکستان میں گریڈ 21 کے آفیسر ہیں اور اس سے پہلے بطور ایڈیشنل آئی جی فائنانس، لاجسٹک اور ویلفیئر اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔
اس سے قبل بدھ کی صبح ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا تھا، انہیں سنٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا تھا۔
مشتاق مہر 17 جولائی 2015 سے ایڈیشنل آئی جی کے عہدے پر سندھ پولیس میں ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔
انہیں ایک ماہ کے لیے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ پولیس بھی تعینات کیا گیا تھا اور اس دوران چیئرمین اینٹی کرپشن غلام قادر تھیبو کو کراچی پولیس کی سربراہی سونپی تھی مگر ایک ماہ بعد انہیں دوبارہ کراچی پولیس کا سربراہ بنا دیا گیا تھا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ نعمان صدیقی کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے۔