مری: تحصیل مری میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے تین مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شوالہ روڈ، مسیاڑی ٹرن اور لارنس کالج کے نزدیک شدید بارشوں کی وجہ سے سڑک پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث سنگل لین میں ٹریفک چلائی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سٹی ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) محمد بن اشرف نے ٹریفک پولیس مری کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مری آنے والے سیاحوں کو ٹریفک کی روانی سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
ٹریفک پولیس نے سیاحوں کی آسانی کے لیے ہیلپ لائن بھی قائم کر دی ہے اور تاکید کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے مری کا سفر کرنے سے پہلے ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن نمبر 051۔9272839 اور051۔9269200 پر رابطہ کریں۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مری سمیت گلیات کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں کے سبب شدید دھند کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے باعث حدنظر صفر ہو گئی تھی، گلیات سے گزرنے والے دریائے ہرنو میں لگے جھولے بھی بارش کے پانی میں بہہ گئے تھے تاہم متعدد افراد کو بچا لیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے واضح احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ آبی گذر گاہوں سے کم از کم 300 میٹر دور تعمیرات کی جائیں، گذشتہ 10 سالوں میں تحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشن (ٹی ایم اے) اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے اہلکاروں کی وجہ سے مری سمیت گلیات کے سیاحتی مقام ہرنو میں نا صرف پانی کے راستے میں پختہ تعمیرات کر لی گئیں بلکہ وہاں پر جھولے بھی نصب کیے گئے تھے۔
گلیات میں ہونے والی طوفانی بارشوں کی وجہ سے پانی کا بڑا ریلا ہرنو سے گزرا جس کے نتیجے میں وہاں لگے تمام جہازی سائز جھولے بھی پانی میں بہہ گئے تھے۔