جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کام کریں گے، بلاول بھٹو


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت پسند ہیں اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کام  کریں گے۔

پیر کے روز رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے بعد زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کے مقامی عہدے داروں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن شاندار تاریخ  کے وارث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو اور پارٹی کے ہزاروں کارکنوں نے جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہمیں یہ اصول سکھایا ہے کہ جمہوریت کا  دفاع کریں، جمہوریت کی حفاظت کریں اور جمہوریت کے لیے مشکلات برداشت کریں۔

کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے پارٹی کارکنوں پر فخر ہے، ایسے بہادر اور جا نثار کارکن کسی اور پارٹی میں نہیں ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھٹو کچلے ہوئے اور محروم طبقے سے عشق کرتے تھے، بے نظیر بھٹوکی ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ ان کی مشکلات ختم  ہوں ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میری جدوجہد کا مقصد بھی یہی ہے کہ جمہوریت مضبوط  ہو، غریب سر اٹھا کر چلے، اور غربت، محرومی اور ہر طرح  کا جبر ختم ہو۔

اس موقع پر سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر،  نرگس فیض ملک، شہزادہ افتخار، اظہر خان، یاسین آزاد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں