شیخ رشید: ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں کھلبلی



لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے دورہ لاہور سے ریلورے ہیڈ کوارٹر میں تعینات اعلیٰ افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ اعلیٰ افسران کی تعیناتیاں سابق وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کے دور میں کی گئی تھیں۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے دور وزارت میں تعینات ہونے والے مشیر ریلوے انجم پرویز، سیکریٹری ریلوے پروین آغا اور سی ای او ریلوے جاوید انور کو اپنی سیٹیں بچانے کی فکر لاحق ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے حالیہ دورہ لاہور میں خلاف میرٹ ہونے والی تقرریوں میں ردوبدل کا عندیہ دیا تو اس کے بعد سفارشی تعیناتیوں کی فہرست بھی تیار کرلی گئی۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ سابق وفاقی وزیر ریلوے نے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے چار ڈائریکٹرز تعینات کیے تھے۔ ان میں لیگل، تعلیم واسپورٹس، مارکیٹنگ اورجی پی آر کے ڈائریکٹرز شامل ہیں۔

ذمہ دار ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ چاروں ڈائریکٹروں کی تقرریاں سیاسی بنیادوں پر کی گئی تھیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ کمرشل اور پرسنل برانچوں کو بھی سابق وفاقی وزیر ریلوے کے دور میں من پسند جونیئر افسران کی زیرنگرانی چلایا جارہا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق سابقہ ادوار حکومتوں میں کی جانے والی سفارشی تعیناتیوں و تقرریوں کی فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں