پیپلز پارٹی کی مولانا فضل الرحمان کو راضی کرنے کی کوششیں


اسلام آباد: پیپلزپارٹی نے اپنے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ چوہدری اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار برقرار رکھا جائے گا اور مولانا فضل الرحمان کو اس فیصلے پر راضی کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق صدارتی امیدوار کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لیے پیپلزپارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ راجہ پرویز اشرف، فرحت اللہ بابر، قمر زمان کائرہ، شیری رحمان اور چوہدری منظور پر مشتمل وفد مولانا فضل الرحمان کو منانے کی کوشش کرے گا۔

اجلاس کے دوران سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان قابل احترام ہیں مگر ہمیں سیاسی فیصلہ کرنا ہے اور پیپلزپارٹی اپنی اصولی سیاست پر سمجھوتہ نہیں کرسکتی۔

ذرائع کے مطابق شرکا نے اعتزازاحسن کا نام واپس لینے کے آپشن کی مخالفت کی، اجلاس میں شریک رہنماؤں کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی رائے سے بھی آگاہ کیا گیا جس میں انہوں نے اعتزاز احسن کو اپنا حتمی امیدوار قرار دیا۔

اجلاس میں موجود رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اپنا منشور اور اپنی سیاست ہے، مختلف معاملات پر اپوزیشن جماعتیں ایک موقف اپنا سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا جس کے تحت  ہر حلقے سے اپنا امیدوار کھڑا کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں