فضل الرحمان رشتہ لینے گئے اور خود سہرا باندھ لیا، اعتزاز


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان رشتہ لے کر گئے تھے لیکن خود سہرا باندھ کر سامنے آ گئے ہیں، یہ ایک قسم کی واردات ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پیپلزپارٹی کی جانب سے پیغام لے کر گئے تھے، انہوں نے ہمیں یقین دلایا تھا کہ وہ ن لیگ اور دیگر جماعتوں کے سامنے ہمارے موقف کی تائید کریں گے لیکن خود صدارتی امیدوار بن گئے ہیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستانی سماج سے متعلق ہمارا نظریہ مولانا فضل الرحمان سے بہت مختلف ہے، اگر ن لیگ ایاز صادق، راجہ ظفر الحق یا کسی دوسرا معتبر نام  نامزد کر دیتی تو ہم اسی کی حمایت کرتے۔

اعتزازاحسن نے کہا کہ میں نے پارٹی قیادت کو کہا تھا کہ میری جگہ  کسی متفقہ امیدوار کو نامزد کر دیں لیکن پارٹی قیادت نے میرے نام سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا۔

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اپنی حمایت کی درخواست پر انہوں نے کہا کہ وہ ن لیگ کو میرے نام کے لیے آمادہ کرنے گئے تھے اور اب خود آمادہ ہو کر ہمیں آمادہ کرنے آ گئے ہیں، ان پر یہ الزام تمام عمر لگا رہے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا میں اپنے کسی بیان سے منحرف نہیں ہوتا، میاں نواز شریف صاحب نے ججز کو فون کر کے بے نظیر اور آصف زرداری کو پانچ سال سزا اور قید سنائی، میں نے سپریم کورٹ سے وہ فیصلہ معطل کرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ مری میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں کسی نے بھی ان کی نامزدگی پر اعتراض نہیں کیا، یہ اعتراضات بعد میں شروع ہوئے، بہت سے لوگوں نے مجھے کہا ہے کہ پوزیشن مجھے لازمی ووٹ دے گی۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا پیپلزپارٹی نے شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کے لیے ووٹ نہیں دیا، ہو سکتا ہے ن لیگ اب حساب برابر کر رہی ہو۔

مولانا فضل الرحمان کی نامزدگی پر انہوں نے ایک شعر کی صورت میں تبصرہ کیا کہ

غضب کیا تیرے وعدے پہ اعتبار کیا

تمام رات قیامت کا انتظار کیا۔

پرویز مشرف کی وطن واپسی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کا الزام ہے، انٹرپول اس معاملے میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ انٹرپول کے دائرہ اختیار میں منی لانڈرنگ، اسلحہ کی خرید و فروخت اور منشیات اسمگلنگ جیسے معاملات آتے ہیں جبکہ  پرویز مشرف پر اس قسم کے الزامات نہیں ہیں۔

 


متعلقہ خبریں