شام: پوپ فرانسس کی انسانی بحران سے بچنےکی اپیل


روم: پوپ فرانسس نے شام میں جاری جنگ روکنے اور تمام  فریقین کے درمیان مذاکرات پر زوردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اتوار کے دن سینٹ پیٹر اسکوائر میں عقیدت مندوں سے خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے شام میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے فریقین کے درمیان مذاکرات کی اپیل کی۔

ہم نیوز کے مطابق شامی فوجیں صوبہ ادلب میں اپوزیشن کے خلاف حتمی آپریشن کی تیاری کر رہی ہیں۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر بشارالاسد کی افواج شہر میں موجود اپنے کیمپوں کے اطراف میں گہری خندقوں کی کھدائی میں مصروف ہیں۔

سیاسی و جنگی مبصرین کا خیال ہے کہ سات سالہ شامی جنگ کا یہ آخری اور فیصلہ کن معرکہ ہوگا۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق لاکھوں شہری ادلب میں محصور ہیں اور ان کے شہر سے نکلنے کا کوئی راستہ موجود نہیں ہے۔

ہم نیوز کے مطابق  اتور کی صبح  شام کے دارالحکومت دمشق میں متعدد دھماکے سنے گئے جس سے عمارتیں لرزاٹھیں اورعلاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں کی آوازیں المزہ فوجی ایئرپورٹ کی سمت میں سنی گئیں جس کو ماضی میں اسرائیلی فضائی طیارے متعدد بار نشانہ بنا چکے ہیں۔

ہفتے کے دن بھی شام کے شمالی علاقے میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں