پی ٹی وی کرپشن کیس: شاہد مسعود کی ضمانت منظور

پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کی ضمانت منظور | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان ٹیلی وژن کرپشن کیس میں نامزد ڈاکٹر شاہد مسعود کی ضمانت پانچ ہزار کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی ہے۔

منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج  جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں اینکر پرسن شاہد مسعود کے وارنٹ گرفتاری کے معاملہ پر سماعت کی۔ درخواست گزار شاہد مسعود اپنے وکیل شاہ خاور کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ ٹرائل کورٹ نے ذاتی حیثیت میں پیش نا ہونے پر درخواست ضمانت منسوخ کی جب کہ تفتیشی افسر سے مکمل تعاون بھی کیا جا رہا ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک ملزم کو ضمانت دی جائے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد شاہد مسعود کو پانچ ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 28 ستمبر تک عبوری ضمانت  دے دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں 28 ستمبر تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم  بھی جاری کیا۔

اس سے قبل 14 ستمبر کو وفاقی دارالحکومت کی مقامی عدالت نے ڈاکٹرشاہد مسعود کی ضمانت قبل ازگرفتاری خارج کر دی تھی۔

عدالت میں عدم پیشی پر جج نے ان کی درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری خارج کی اور انہیں گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔


متعلقہ خبریں