ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک، پہاڑوں پر برفباری کا امکان


اسلام آباد: جڑواں شہروں اور بالائی علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان ہے جب کہ سندھ اور بلوچستان سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جب کہ محمکہ موسمیات نے بعض مقامات پر بارش کے ساتھ  ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ جڑواں شہروں راوالپنڈی اور اسلام آباد میں بھی شام کے اوقات میں بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے لاہور کے درجہ حرارت میں کمی کی بھی نوید سنا دی، منگل کے روز لاہور کا درجہ حرارت کم سے کم 17 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے تاہم شہر کے بیشتر حصوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

اسی طرح سندھ سمیت کراچی کا موسم آج بھی گرم اور خشک رہے گا جب کہ کراچی میں کم  سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش ملکہ کوہسار مری میں 42 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ کامرہ میں تین خیبرپختونخوا کے علاقے بالاکوٹ میں 33، دیر بالائی میں 23 جب کہ زیریں دیر میں سات ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ 24 کھنٹوں میں سب سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی، پڈعیدن اور کراچی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں