اپوزیشن کے بغیر بجٹ پر بحث، پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی



لاہور: پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس کا دوسرا سیشن کارروائی مکمل ہونے کے بعد 22 اکتوبر تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ اپوزیشن کی عدم موجودگی میں ہونے والے اجلاس کی صدارت قائم مقام اسپیکر دوست محمد مزاری نے کی۔

اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ اجلاس کے دوسرے سیشن میں شمولیت نہیں کی اور مؤقف اپنایا کہ اس وقت تک کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے جب تک معطل ہونے والے اراکین کو داخلے کی اجازت نہیں ملتی۔

اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے اسمبلی اراکین کو داخلے سے روکنا غیر آئینی ہے، جب تک اسپیکر کا تھانیدار والا رویہ نہ بدلا اس وقت اسمبلی کی کارروائی کا حصہ نہیں بنے گے۔

انہوں نے کہا اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کی جعلی تصاویر میڈیا کو دیں گئیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ جعلی تصاویر جاری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی اجازت دی جائے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہی نے اپوزیشن کے چھ اراکین پر توڑ پھوڑ کے باعث پابندی کا نوٹفکیشن جاری کررکھا ہے جس کے خلاف حزب اختلاف کے کارکن سراپا احتجاج ہیں۔

جن کے ارکان کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں طارق مسیح گل، زیب النساء، اشرف رسول، میں مرزا جاوید، ملک محمد وحید اور عامر یاسین شامل ہیں۔

قبل ازیں حمزہ شہباز کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں چھ ارکان کے ایوان میں داخلے پر پابندی اور شہبازشریف کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

پنجاب اسمبلی میں 24 اکتوبر تک  بجٹ پربحث مکمل ہوگی جبکہ 25 اور26 اکتوبر کو مطالبات زر کی منظوری اور 27 اکتوبر کو  فنانس بل منظور کیا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں