لاہور: کہتے ہیں شوق کا کوئی مول نہیں، زندہ دلوں کے شہر لاہور میں ونٹیج گاڑیوں کے شوقین لوگوں نے اسٹئیرنگ سنبھالے اور اندرون شہر کی سیر کو نکل آئے۔
1934 سے 1965 کے درمیان متعارف کرائی جانے والی ونٹیج کاروں کے ماڈلز کی کاریں دہلی گیٹ سے شاہی قلعے تک جہاں سے گزریں دیکھنے والے ان کی شان و شوکت کی داد دیتے رہے۔
راہگیر نازوں سے رکھی کلاسک واکس ویگن، چمچماتی ونٹیج مرسیڈیزاور چھوٹی سی آسٹن کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔ شہری بھی اس نمائش سے خوب لطف اندوز ہوئے اور اپنی پسندیدہ کاروں کے ساتھ سیلفی بناتے رہے۔
مالکان کہتے ہیں کہ یہ شوق بہت مہنگا ہے، ان گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس بھی مشکل سے دستیاب ہوتے ہیں، اس کے باوجود وہ انہیں نئی نویلی دلہن کی طرح رکھتے ہیں کیوںکہ انہیں ان گاڑیوں سے محبت ہو گئی ہے۔
والڈ سٹی اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے نت نئے طریقے متعارف کراتے رہیں گے۔