امریکہ میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر کو تبدیل کرنے کا اعلان



اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکہ میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی کو تبدیل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستان کے نئے سفیر اسد مجید خان ہوں گے۔

انہوں نے  دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفیروں کی تقرریوں اور تبادلوں کی جانب اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں نفیس زکریا کو ہائی کمشنر بنانے کا ارادہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ سید احسن رضا کو قطر میں، راجہ علی اعجازکو سعودی عرب میں، حامد اصغر خان کو مراکش، شہریار اکبر خان کو سربیہ جبکہ ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ کو کینیڈا میں سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ کے مطابق ہوانا میں صاحبزادہ احمد خان کو سفیر جبکہ دبئی میں احمد امجد علی کو قونصل جنرل تعینات کیا جا رہا ہے۔

یو اے ای پاکستان میں آئل ریفائنری لگانے پر رضامند

متحدہ عرب امارات کے وفد کی دفتر خارجہ آمد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ نشست بہت کار آمد رہی، یو اے ای کے وفد سےمختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پربات ہوئی۔

اس حوالے سے مزید تفصیلات دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ یو اے ای وفد نے پاکستان میں توانائی، پانی، زراعت اور ہاوسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یواے ای حکومت پاکستان میں آئل ریفائنری لگانے کی خواہش مند ہے، اس کے علاوہ گوادر پورٹ پر ایک ایل این جی ٹرمینل بھی قائم کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفد سے زراعتی پیداوار جیسے چاول، آم، کینو وغیرہ کی برآمدات بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ اس کے علاوہ وفد نے نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام میں سرمایہ کاری کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یو اے ای سے پاکستان کا دیرینہ تعلق ہے، پچھلے کچھ سالوں میں ہمارے تعلقات میں سرد مہری آئی تھی، تاہم دونوں ممالک کے سربراہان تعلقات کو فروغ دینا چاہتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای وفد سے پاکستانیوں کو درپیش ویزا مسائل کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے، امید ہے جلد ہی اس پر پیش رفت ہوگی۔


متعلقہ خبریں